پشاور کے پشتخرہ چوک میں باڑہ سیاسی اتحاد کے زیرِ اہتمام پُرامن احتجاج جاری ہے، جس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، سیاسی و سماجی شخصیات، نوجوانوں اور قبائلی عمائدین کی بڑی تعداد شریک ہے۔
مظاہرین نے علاقے میں امن کے قیام، بدامنی کے خاتمے اور عوامی مسائل کے حل کے حق میں نعرے لگائے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ باڑہ اور ملحقہ علاقوں کے عوام امن، ترقی اور اپنے بنیادی حقوق کا مطالبہ کرتے ہیں، اور اپنے مطالبات کے حصول کے لیے پُرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔
احتجاج کے باعث پشتخرہ چوک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہو گیا، جس کے نتیجے میں اطراف کی سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ قبائلی علاقوں کے عوام مزید بدامنی اور خوف کی فضا برداشت نہیں کریں گے اور قیامِ امن کے لیے ہر سطح پر اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔
دوسری جانب انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ احتجاج کے دوران مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی، تاہم صورتحال پر قابو پانے کے لیے سکیورٹی اہلکار موقع پر موجود رہے۔
