جمرود بازار میں گزشتہ دو ہفتوں سے جاری بجلی کی طویل بندش کے خلاف تاجروں نے شدید احتجاج کیا۔ اس سلسلے میں بابِ خیبر کے مقام پر واپڈا اور ایس ڈی او جمرود گریڈ اسٹیشن کے خلاف مظاہرہ کیا گیا، جس میں دکانداروں اور تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حکام کے خلاف نعرے بازی کی۔

انجمن تاجران جمرود بازار کے صدر، کاشف اقبال آفریدی کے مطابق حالیہ طوفان کے باعث بازار میں بجلی کے متعدد کھمبے گر گئے تھے۔ تاہم دو ہفتے گزرنے کے باوجود واپڈا حکام بجلی کی بحالی میں ناکام رہے ہیں۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ طویل لوڈشیڈنگ کے باعث کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ بازار میں قائم دکانوں کے ساتھ ساتھ قریبی تعلیمی ادارے بھی مشکلات کا شکار ہیں۔

مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ بارہا شکایات کے باوجود متعلقہ حکام مسئلے کے حل میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے، جس کے نتیجے میں تاجروں کو مسلسل مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

انجمن تاجران نے خبردار کیا کہ اگر 24 گھنٹوں کے اندر بجلی بحال نہ کی گئی تو وہ جمرود گریڈ اسٹیشن کی بندش پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری واپڈا حکام پر عائد ہوگی۔

مظاہرین نے حکومت سے فوری نوٹس لینے اور جمرود بازار میں بجلی کی جلد بحالی کا مطالبہ کیا تاکہ معمولاتِ زندگی اور تجارتی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہو سکیں۔