برطانیہ سے تعلق رکھنے والی سابق اداکارہ اور یوٹیوبر عائشہ روزالی کی زندگی ایک غیر متوقع روحانی سفر کے بعد مکمل طور پر بدل گئی۔ عائشہ کا تعلق کسی خاص مذہبی پس منظر سے نہیں تھا اور وہ شوبز انڈسٹری میں اپنا مقام بنانے کی خواہاں تھیں۔
ان کی زندگی میں اہم موڑ اس وقت آیا جب وہ سیاحت کے سلسلے میں ترکی کے شہر استنبول گئیں۔ وہاں انہوں نے تاریخی سلطان احمد مسجد (بلیو مسجد) کا دورہ کیا۔ عائشہ کے مطابق جیسے ہی وہ مسجد کے اندر داخل ہوئیں، انہیں ایک غیر معمولی سکون اور روحانیت کا احساس ہوا، جس نے ان کے دل و دماغ پر گہرا اثر ڈالا۔
اس روحانی تجربے کے بعد انہوں نے قرآن پاک کا انگریزی ترجمہ پڑھنا شروع کیا۔ ان کے بقول قرآن نے ان کے ذہن میں موجود کئی سوالات کے تسلی بخش جوابات فراہم کیے اور آہستہ آہستہ ان کے دل میں ایمان کی روشنی پیدا ہوئی۔
بالآخر عائشہ روزالی نے کلمہ طیبہ پڑھ کر اسلام قبول کر لیا اور شوبز کی دنیا کو خیرباد کہہ دیا۔ آج وہ ایک باحجاب مسلم خاتون کے طور پر سادہ اور باوقار زندگی گزار رہی ہیں۔
عائشہ اب سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے ایمان کے سفر کو دوسروں تک پہنچا رہی ہیں۔ وہ اپنے یوٹیوب چینل پر اسلامی تعلیمات، ذاتی تجربات اور دیگر نومسلم افراد کے انٹرویوز شیئر کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے خواتین کے لیے "سکینہ کے نام سے ایک پلیٹ فارم بھی قائم کیا ہے، جس کا مقصد مسلم خواتین کی رہنمائی اور ان کی مدد کرنا ہے۔