گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیرِ اہتمام نتھیاگلی میں گلیات ہوٹل ایسوسی ایشن اور مقامی بزنس کمیونٹی کے ساتھ ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں گلیات کے مختلف ٹاؤنز کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ہوٹل ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات اور تجاویز تحریری اور زبانی طور پر پیش کیں۔ ایسوسی ایشن نے بالخصوص خیبر پختونخوا ہوٹل ایسوسی ایشن اور ٹی ایم اے ایبٹ آباد کی غیر ضروری مداخلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کو صوبائی حکومت کے سامنے اٹھایا جائے، تاکہ بزنس کمیونٹی اور مقامی افراد کے حقوق کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ نے محکمہ سیاحت کی جانب سے جاری ترقیاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں آئی ٹی زون تھنڈیانی کے قیام، ایوبیہ چیئر لفٹ کی بحالی کے لیے جاری کوششوں، تین ریونیو سرکلز میں 1500 ملین روپے کی لاگت سے سڑکوں کی منظوری، چیئر لفٹ اور پیراگلائیڈنگ منصوبوں کے کنسیپٹ نوٹس، انٹرپرائز ریسورس پلاننگ سسٹم اور کیش لیس سسٹم کے نفاذ کے ذریعے ٹیکس نظام میں شفافیت، لینڈ یوز پلان اور بی سی آر، اور لوکل گورنمنٹ کے اشتراک سے بیوٹیفکیشن منصوبوں کی تفصیلات شامل تھیں۔ ہوٹل ایسوسی ایشن نے ان اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس میں گلیات کو درپیش اہم مسائل پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی، جن میں سیاحتی مقامات پر فوری کار پارکنگ کا قیام، ہوٹل انڈسٹری کو درپیش پانی کی قلت، ڈونگا گلی تا مری واٹر سپلائی اسکیم اور نئی واٹر اسکیمز پر پیش رفت، مختلف محکموں کی مداخلت، اور گلیات و ملحقہ دیہی علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بہتری شامل ہیں۔ خصوصاً ایوبیہ چیئر لفٹ کی فوری بحالی کو اہم ترین مسئلہ قرار دیا گیا۔ اس کے علاوہ گلاس برج، زپ لائن، نئی چیئر لفٹ، سیوریج اور بیوٹیفکیشن کے منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔
کھلی کچہری کے اختتام پر پارکنگ مسائل کے حل کے لیے مشترکہ سائٹ وزٹ بھی کیا گیا، جس میں ایسوسی ایشن کی جانب سے تجویز کردہ مختلف مقامات کا جائزہ لیا گیا۔ ان تجاویز کو ضابطہ کار مکمل کرنے کے بعد فنڈز کے حصول اور منظوری کے لیے صوبائی حکومت کو ارسال کیا جائے گا۔
آخر میں، ہوٹل ایسوسی ایشن نے گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
