سوات کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث مختلف سیاحتی مقامات نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ کالام میں اب تک تقریباً تین فٹ، ملم جبہ میں دو فٹ جبکہ مہوڈنڈ میں چار فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔
برفباری کے بعد کالام، ملم جبہ اور مرغزار میں سیاحوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی ہے، جس سے سرد موسم کے باوجود سیاحتی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
سڑکوں کی بحالی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بھاری اور جدید مشینری تعینات کر دی ہے۔ ترجمان اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی سعید الرحمن کے مطابق سنو کلیئرنس آپریشن مسلسل جاری ہے اور کالام سمیت گرد و نواح کے سیاحتی مقامات کی جانب جانے والی اہم شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کو کلیئر کیا جا رہا ہے تاکہ سیاحوں اور مقامی افراد کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
