زوان کوکی خیل اتحاد کے زیرِ اہتمام بکرآباد میں “زوان کوکی خیل اتحاد امن فٹبال ٹورنامنٹ (انڈر 13)” کا شاندار اور پرجوش فائنل آج کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔

فائنل مقابلہ واپڈا ایف سی اور کزن ایف سی کے درمیان کھیلا گیا، جس میں واپڈا ایف سی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کزن ایف سی کو 6-1 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ میچ کے دوران نوجوان کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا اور شائقین نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ضلع خیبر کی معروف سماجی و سیاسی شخصیت، یتیموں اور مستحق افراد کے ہمدرد حاجی محمد کریم آفریدی مہمانِ خصوصی تھے۔ ان کے ہمراہ محمد صدیق خان (اونر صدیق فیبریکس و سابق صدر زوان کوکی خیل اتحاد)، عبدالعزیز (نائب صدر)، جمیل حیات، کور کمیٹی کے سینئر اراکین محمد اشفاق، عبدالروف، ہارون خان، پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہد خان، رضوان اور دیگر سماجی و سیاسی شخصیات بھی موجود تھیں۔

اس ٹورنامنٹ میں بکرآباد سے تعلق رکھنے والی تقریباً 10 ٹیموں نے شرکت کی، جس نے علاقے میں فٹبال کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

یاد رہے کہ اس ٹورنامنٹ کا انعقاد انٹرنیشنل بیس بال پلیئر غفور آفریدی کی جانب سے کیا گیا، جو ایک قابلِ تحسین اقدام ہے۔

اختتام پر مہمانانِ گرامی نے کھلاڑیوں میں نقد انعامات، ٹرافیاں اور دیگر انعامات تقسیم کیے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

آخر میں زوان کوکی خیل اتحاد کے صدر ثناءاللہ آفریدی نے تمام مہمانوں اور آرگنائزنگ کمیٹی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسے کھیلوں کے ایونٹس نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔