خیبر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) خیبر وقار احمد نے تیراہ متاثرین کی رجسٹریشن کے لیے باڑہ میں قائم مختلف رجسٹریشن پوائنٹس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے رجسٹریشن کے جاری عمل کا تفصیلی جائزہ لیا اور ڈیوٹی پر موجود عملے سے ملاقات کی۔
بارش اور خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر ڈی پی او خیبر نے رجسٹریشن کے عمل کو مزید تیز، آسان اور مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کیں تاکہ متاثرین کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
ڈی پی او وقار احمد نے رجسٹریشن پوائنٹس پر موجود تیراہ متاثرین سے بھی ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور انہیں صبر و تحمل سے کام لینے اور اپنی باری کا انتظار کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے متاثرین کو یقین دلایا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ ان کی ہر ممکن مدد کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔
اس موقع پر ڈی پی او خیبر نے رجسٹریشن پوائنٹس پر تعینات پولیس افسران اور جوانوں کو سختی سے ہدایت کی کہ متاثرین کے ساتھ خوش اخلاقی اور ہمدردانہ رویہ اپنایا جائے، ان کی عزتِ نفس کا خاص خیال رکھا جائے اور ہر شہری کو مکمل سہولت فراہم کی جائے، تاکہ رجسٹریشن کے دوران کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
