لنڈی کوتل میں حمزہ بابا مزار کے قریب قائم افغان مہاجرین ہولڈنگ کیمپ میں جعلسازی کے ذریعے مہاجرین سے رقم وصول کرنے کے معاملے پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اطلاع ملنے پر ایس ایچ او لنڈی کوتل عشرت شینواری نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ملوث ملزمان اکرام ولد حبیب الرحمن، نہار علی ولد عنایت علی، عطااللہ ولد خان پور اور نور سید ولد جان سید کو گرفتار کر کے حوالات منتقل کر دیا۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
ایس ایچ او لنڈی کوتل کے مطابق گرفتار افراد خود کو کیمپ عملہ ظاہر کر کے افغان مہاجرین سے رجسٹریشن کے نام پر غیر قانونی طور پر رقم وصول کر رہے تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ رجسٹریشن کا عمل مکمل طور پر شفاف ہے اور اس کے لیے کسی قسم کی فیس یا رشوت دینے کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے مہاجرین کو ہدایت کی کہ وہ صبر و تحمل سے اپنی باری کا انتظار کریں اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو رقم نہ دیں۔ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔
