گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا میں “ریاست اور سماج مکالمہ” کے عنوان سے ایک روزہ کانفرنس منعقد ہوئی جس کی صدارت اور اختتامی خطاب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کیا۔
کانفرنس میں اہم سیاسی، مذہبی اور سماجی شخصیات کے علاوہ نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ریاست اور عوام کے درمیان خلیج کم کرنے اور داخلی اتحاد کو مضبوط بنانے کیلئے مؤثر مکالمے کی ضرورت پر زور دیا۔
مقررین نے کہا کہ موجودہ بین الاقوامی چیلنجز اور بدلتی ہوئی جیوپولیٹیکل صورتحال کے تناظر میں ریاست اور سماج کے درمیان اتحاد ناگزیر ہے۔ کانفرنس کی میزبانی انٹرنیشنل ریسرچ کونسل اور پاکستان ادارہ برائے انسداد غربت کے سربراہان نے کی۔
تقریب میں قبائلی نوجوانوں کے وفود، ماہرین تعلیم، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور مختلف تھنک ٹینکس کے اراکین نے بھی شرکت کی۔
شرکاء نے مشرق وسطیٰ کے عالمی تنازعات میں پاکستانی قیادت کی ثالثی کی کوششوں پر اعتماد کا اظہار کیا، جبکہ قبائلی اور سیاسی نمائندوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی نوجوانوں اور ریاستی اداروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
کانفرنس سے پارلیمانی لیڈر احمد کنڈی، سابق مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف، مذہبی سکالر اسرار مدنی، ارشد محمود، مولانا یوسف شاہ، جنرل (ر) انعام الحق، ڈاکٹر عامر رضا اور میڈم شگفتہ ملک نے خطاب کیا۔
اپنے اختتامی خطاب میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ریاست اور سماج کے درمیان مکالمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس ایسے تعمیری مکالموں کیلئے ہمیشہ کھلا ہے۔
انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ پروپیگنڈہ کے بجائے مستند ذرائع پر اعتماد کریں اور سوشل میڈیا کو تفریق کے بجائے قومی یکجہتی اور داخلی وحدت کے فروغ کیلئے استعمال کریں۔
