ضلع مردان کے علاقے ننگ آباد پلوڈھیری میں مائننگ کے دوران پیش آنے والے حادثے کے بعد ریسکیو 1122 کا سرچ آپریشن بدستور جاری ہے جبکہ ملبے تلے دبے ایک مزدور کی تلاش تاحال جاری ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق گزشتہ روز پیش آنے والے حادثے کے بعد سے جاری امدادی کارروائیوں میں اب تک 11 افراد کو ملبے سے نکالا جا چکا ہے۔ نکالے گئے افراد میں سے 9 مزدور جاں بحق جبکہ 2 کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن میں ریسکیو 1122 کے تازہ دم دستے بھی حصہ لے رہے ہیں اور لاپتہ مزدور کی تلاش کے لیے کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔

جاں بحق افراد میں سے تین افراد کا تعلق ضلع مہمند، دو کا صوابی کے علاقے نارنجی، ایک کا بونیر جبکہ ایک کا پشاور سے بتایا جاتا ہے۔ ایک جاں بحق شخص کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی جس کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کے نمونے مردان بھیج دیے گئے ہیں۔

دوسری جانب ہسپتال ذرائع کے مطابق ایک جاں بحق شخص کو جائے حادثہ سے مقامی افراد نے براہ راست لواحقین کے حوالے کر دیا، تاہم اس حوالے سے کسی سرکاری ریکارڈ میں اندراج موجود نہیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آخری لاپتہ مزدور کی تلاش تک سرچ اور ریسکیو آپریشن جاری رکھا جائے گا۔