ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں جمرود پریس کلب کے زیرِ اہتمام اور انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس  کے تعاون سے صحافیوں کے لیے ایک روزہ فرسٹ ایڈ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔

ورکشاپ میں جمرود پریس کلب کے رکن صحافیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر آئی سی آر سی کے میڈیا کوآرڈینیٹر زیشان انور نے شرکاء کو ریڈ کراس کی تاریخ، اس کے عالمی کردار اور قیامِ پاکستان سے اب تک ملک میں انجام دی جانے والی خدمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر آئی سی آر سی کے نمائندے عصمت اللہ نے بھی ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ تحریک کے مقاصد اور انسانی خدمات کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

تربیتی سیشن کے دوران ٹرینر حسیب نے صحافیوں کو فرسٹ ایڈ کے حوالے سے عملی تربیت فراہم کی۔ انہوں نے ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد فراہم کرنے، زخمی افراد کی ابتدائی مدد اور حادثات کے دوران مؤثر ردعمل دینے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔

ورکشاپ کا مقصد صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور انہیں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانا تھا۔

ورکشاپ کے اختتام پر جمرود پریس کلب کے اراکین نے اس مفید اقدام پر آئی سی آر سی کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی اس نوعیت کے تربیتی پروگراموں کے انعقاد کی امید ظاہر کی۔