گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے انٹرنیشنل ریسرچ کونسل برائے مذہبی امور کے سربراہ محمد اسرار مدنی نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے انٹرنیشنل ریسرچ کونسل برائے مذہبی امور کے زیر اہتمام مذہبی سفارتکاری پروگرام کی چین، انڈونیشیا اور افغانستان میں کامیابی کو سراہتے ہوئے ادارے کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مذہبی اور ثقافتی سفارتکاری کو جنوبی ایشیا سمیت دیگر ممالک تک پھیلانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر مشرق وسطیٰ میں تنازعات کے حل کے لیے ثالثی، سفارتکاری اور مذاکرات کے ذریعے پاکستان کے عالمی کردار کو اجاگر کرنے سے متعلق مختلف امور پر بھی مشاورت کی گئی۔
اس موقع پر گورنر ہاؤس میں “ریاست اور عوام کے درمیان مکالمہ” کے عنوان سے ایک کانفرنس منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، جس میں گورنر خیبرپختونخوا بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔
ملاقات میں مذہبی سفارتکاری پروگرام کے رکن اور پاکستان پیس کونسل کے سربراہ اسامہ اجمل قاسمی بھی موجود تھے۔
