کوہاٹ پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے اغوا ہونے والے ایک کمسن بچے کو بحفاظت بازیاب کرا لیا جبکہ اس واردات میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

ڈی پی او کوہاٹ شہباز الٰہی کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ایک کمسن بچے کو اغوا کر کے راولپنڈی سے کوہاٹ منتقل کیا جا رہا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ڈی پی او کی ہدایت پر فوری طور پر ایک خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی، جس میں ڈی پی او اسکواڈ اور بنوں گیٹ چیک پوسٹ کے انچارج سمیت دیگر اہلکار شامل تھے۔

پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر مختلف مقامات پر ناکہ بندی اور سخت چیکنگ کا سلسلہ شروع کیا۔ بنوں گیٹ چوک کی حدود میں کارروائی کے دوران پولیس نے اغوا ہونے والے بچے، جس کی شناخت دوہان کے نام سے ہوئی ہے، کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔

کارروائی کے دوران پولیس نے واردات میں ملوث ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا، جن میں ایک خاتون مسماۃ م اور ملزم ذکریا شامل ہیں۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو حراست میں لے کر مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔