خیبر: تھانہ شلمان کی حدود میں گھریلو تنازعے پر فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزمان کو آلۂ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز علاقہ لوئے شلمان دور ماکور میں دو فریقین، فریق اول سید علی جان خاندان اور فریق دوم اورنگ خاندان کے درمیان گھریلو تنازعے پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں رائیس خان اور نصیر خان جاں بحق ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او شلمان زاہد اللہ خان کی قیادت میں پولیس ٹیم، جس میں صالح محمد اور دیگر نفری شامل تھی، فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے علاقے میں امن و امان برقرار رکھا اور ابتدائی کارروائی کرتے ہوئے چند افراد کو حراست میں لے لیا۔

پولیس نے نامزد مرکزی ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں اور جدید سائنسی طریقوں اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے کارروائی کرتے ہوئے شریف اور ظاہر ولد شان میر کو گرفتار کرلیا۔ اس کے علاوہ مزید دو مطلوب ملزمان کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار مرکزی ملزمان کے قبضے سے دو عدد کلاشنکوف بھی برآمد کرلی گئی ہیں۔

ایس ایچ او شلمان کے مطابق ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے قتل کی وجہ گھریلو تنازعہ بیان کی ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب ڈی پی او خیبر وقار احمد نے بروقت کارروائی پر ایس ایچ او شلمان اور پولیس ٹیم کو سراہتے ہوئے انعامات دینے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پولیس امن و امان کے قیام کے لیے ہر وقت متحرک ہے اور متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔

ڈی پی او خیبر نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے تنازعات کو قانون، جرگہ اور باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے حل کریں اور پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔