ڈے نائٹ ریسٹورنٹ میں شینواری ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیرِ اہتمام 25 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جو خوشی، محبت اور اخوت کے ماحول میں اختتام پذیر ہوگئی۔
تقریب میں علاقے کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور نئے جوڑوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بزرگوں کی دعائیں، نوجوانوں کا جوش اور بچوں کی خوشیاں تقریب کو یادگار بنا گئیں، جبکہ شرکاء کی بڑی تعداد نے اس سماجی اقدام کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
تقریب میں شینواری ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر حاجی اسلم شینواری سمیت دیگر معزز شخصیات ملک دریا خان آفریدی، حاجی الیاس شینواری، حاجی اختر علی شینواری، سرتاج شینواری، چوٹا نواب اور حاجی عالمگیر آفریدی نے بھی شرکت کی اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔
پختون روایات کے مطابق سادگی اور وقار کے ساتھ منعقد ہونے والی اس تقریب میں حضرت مولانا نثار علی جندی نے نکاح پڑھایا اور نئے جوڑوں کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
منتظمین کے مطابق اجتماعی نکاح کا مقصد مستحق خاندانوں کی مالی معاونت کرنا اور معاشرے میں سادگی، اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہے۔ تقریب کے اختتام پر نئے جوڑوں کی خوشحال اور کامیاب زندگی کے لیے دعا کی گئی۔
