خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ پاکستانی شہری شہزاد خان نے عمان کے علاقے برکہ کے قریب سیلابی پانی میں پھنسے دو بھارتی شہریوں کو بچا کر انسانیت اور بہادری کی مثال قائم کر دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شدید موسلا دھار بارشوں کے باعث آنے والے سیلابی ریلے نے علاقے کی صورتحال انتہائی خطرناک بنا دی تھی۔ تیز بہاؤ کے باعث ایک کار پانی میں پھنس کر جزوی طور پر ڈوب گئی، جس میں دو افراد موجود تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق موقع پر موجود لوگ صورتحال کی سنگینی کے باعث بے بس نظر آ رہے تھے۔

اسی دوران شہزاد خان نے ہمت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیلابی پانی میں پھنسے ہوئے گاڑی تک پہنچ کر اس پر چڑھائی کی۔ انہوں نے پتھروں کی مدد سے گاڑی کی کھڑکیوں کے شیشے توڑے اور اندر موجود دونوں افراد کو باہر نکال کر محفوظ مقام تک پہنچا دیا۔

رپورٹس کے مطابق حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث علاقے میں کم از کم 10 افراد متاثر ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

شہزاد خان کی اس جرات مندانہ کارروائی کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جہاں صارفین ان کی بہادری اور انسان دوستی کو بھرپور انداز میں سراہ رہے ہیں۔