دبئی: متحدہ عرب امارات کی مختلف ریاستوں میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث کئی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی، شارجہ اور دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش کے ساتھ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی۔ خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر دبئی پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ حدِ نگاہ میں کمی اور ژالہ باری کے باعث غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔
دبئی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موسم صبح تک غیر مستحکم رہنے کا امکان ہے، اس لیے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور موسم کی تازہ ترین صورتحال پر نظر رکھیں۔
متحدہ عرب امارات کے محکمۂ اوقاف نے بھی شہریوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ موسمی شدت کے پیش نظر نمازیں گھروں میں ادا کریں تاکہ حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔
دوسری جانب عمان میں بھی طوفانی بارشوں کے شدید اثرات دیکھنے میں آئے ہیں، جہاں سیلابی ریلوں نے گاڑیوں کو بہا دیا اور لوگوں کے لیے خطرناک صورتحال پیدا ہو گئی۔
مشرقِ وسطیٰ کے دیگر ممالک سے بھی طوفانی بارشوں اور سیلابی حالات کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، جس کے پیش نظر مقامی انتظامیہ نے عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
