قبائلی ضلع مہمند کی تحصیل صافی کے علاقے ترنگزئی بابا جی مزار کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق جبکہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے تین اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اچانک پیش آیا جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت ذاہد کے نام سے ہوئی ہے جو ایک شہری تھا، جبکہ زخمیوں میں سی ٹی ڈی کے اہلکار تحسین اللہ، سید اکبر اور عرفان شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق زخمی اہلکاروں کو ریسکیو 1122 کے عملے نے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال غلنئی منتقل کیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او مہمند رضا محمد اور ایس پی انویسٹی گیشن نے ڈی ایچ کیو ہسپتال غلنئی کا دورہ کیا۔ جاں بحق شہری کی لاش قانونی کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئی، جبکہ زخمی اہلکاروں کو مزید علاج کے لیے پشاور منتقل کیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔
