پشاور: پردہ باغ شاہی باغ کے علاقے میں لاپتہ کمسن بچی کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122 کا سرچ آپریشن دوسرے روز بھی جاری ہے۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 خود موقع پر موجود ہیں اور سرچ آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ بچی کی تلاش کے لیے آپریشن کا دائرہ کار مزید وسیع کر دیا گیا ہے اور مختلف مقامات پر ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق غوطہ خور ٹیمیں پردہ باغ، سردار احمد جان کالونی، لطیف آباد جنازگاہ، چارسدہ اڈہ رنگ روڈ اور بڈھنی پل کے علاقوں میں بچی کی تلاش میں مصروف ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن میں ریسکیو 1122 کے 50 سے زائد اہلکار حصہ لے رہے ہیں جبکہ ہر مقام پر آٹھ ریسکیورز ٹیم تعینات کیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق انڈر گراؤنڈ نکاسی آب کے نظام میں گندے پانی اور خطرناک کیمیکل گیسوں کے باوجود ریسکیو اہلکار بچی کی تلاش کے لیے آپریشن بلا تعطل جاری ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے علاقے پردہ باغ کے قریب ایک خاتون اور کمسن بچی گندے نالے میں گر گئی تھیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو بحفاظت نکال لیا تھا تاہم بچی نالے کے تیز بہاؤ میں بہہ گئی تھی۔
حکام کے مطابق نالہ زیرِ زمین ہونے اور آکسیجن کی کمی کے باعث ریسکیو آپریشن کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس کے باعث اہلکار اندر زیادہ دور تک رسائی حاصل نہیں کر پا رہے۔ بچی کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔
