اسلام آباد کے تھانہ ہمک کی حدود میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں پشتو کی معروف ٹک ٹاکر ثناء جاوید عرف آؤٹ لوفرہ کو ان کے شوہر نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم محمد صادق نے پہلے اپنی بیوی پر فائرنگ کی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گئی، جبکہ بعد ازاں اس نے خود کو سر میں گولی مار کر خودکشی کر لی۔

یہ واقعہ لگنم ٹاور کے قریب پیش آیا۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے تین خول اور نائن ایم ایم پستول برآمد ہوا ہے جسے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

مقدمے کے متن کے مطابق محمد صادق کو سر میں گولی لگی ہوئی تھی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق وہ اٹک پولیس میں بطور کانسٹیبل تعینات تھا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ثناء جاوید کی یہ دوسری شادی تھی۔ اس سے قبل ان کی شادی شفیق احمد سے ہوئی تھی جس سے انہوں نے خلع لے لی تھی۔

ذرائع کے مطابق میاں بیوی کے درمیان اکثر گھریلو جھگڑے ہوتے رہتے تھے اور بظاہر یہ واقعہ گھریلو ناچاقی کے باعث پیش آیا۔

اسلام آباد پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔