طورخم: پاک افغان سرحدی علاقے طورخم میں گزشتہ رات فائرنگ کے دوران افغان جانب سے مارٹر گولے گرنے کے باعث باچا مینا کے رہائشی علاقے میں متعدد گھروں کو نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
مقامی ذرائع کے مطابق مارٹر گولے طورخم بارڈر کے قریب واقع باچا مینا میں گرے، جس کے نتیجے میں سفیر اللہ نامی شخص کے گھر کے کمروں اور چار دیواری کو شدید نقصان پہنچا۔ اسی طرح گلاب چی نامی رہائشی کے گھر کی دیوار بھی متاثر ہوئی۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ مقامی افراد نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
متاثرہ خاندانوں اور علاقہ مکینوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نقصانات کا فوری ازالہ کیا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنے گھروں کی مرمت اور نقصانات کی تلافی کر سکیں۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ سرحدی علاقوں میں رہنے والے شہری پہلے ہی مختلف مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، اس لیے حکومت کو چاہیے کہ ان کے تحفظ اور بحالی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
