9 مئی 2023 کو ریڈیو پاکستان پشاور پر حملے اور توڑ پھوڑ کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں تفتیشی افسر نے بدھ کے روز انسدادِ دہشت گردی عدالت نمبر 3 میں باضابطہ چالان جمع کرا دیا ہے۔

چالان میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سمیت متعدد سیاسی رہنماؤں کو نامزد کیا گیا ہے۔ نامزد افراد میں سابق صوبائی وزراء تیمور سلیم جھگڑا اور کامران بنگش، پی ٹی آئی کے ضلعی صدر عرفان سلیم اور کارکن عامر چمکنی بھی شامل ہیں۔

تفتیشی افسر کے مطابق پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی اور نادرا کی رپورٹس کی بنیاد پر ملزمان کی جائے وقوعہ پر موجودگی کی تصدیق کی گئی ہے، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت دیگر شواہد بھی تفتیشی ریکارڈ کا حصہ ہیں۔

عدالت کو بتایا گیا کہ چالان جمع کرانے کے عمل کے دوران پراسیکیوٹر کی جانب سے تعاون نہیں کیا گیا۔

اس موقع پر ریڈیو پاکستان کے وکیل شبیر حسین گگیانی ایڈووکیٹ نے عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ چالان جمع نہ کروانے میں رکاوٹ ڈالنے پر ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹر اور پبلک پراسیکیوٹر کے خلاف کارروائی کی جائے۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے درخواست پر نوٹس لیتے ہوئے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کو طلب کر لیا اور اس معاملے پر وضاحت طلب کر لی ہے۔

واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کو پیش آنے والے واقعے میں ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت پر حملہ اور توڑ پھوڑ کی گئی تھی، جس کے بعد سے اس مقدمے کی تحقیقات جاری تھیں۔ حالیہ چالان میں اعلیٰ سیاسی شخصیات کے نام شامل کیے جانے کے بعد سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی ہے۔