روس کے شہر ماسکو میں منعقدہ نیشنز کپ 2026 میں شرکت کے بعد کیوکوشن کان پاکستان کراٹے ٹیم وطن واپس پہنچ گئی۔
وطن واپسی پر ٹیم کے کھلاڑی عرفان شینواری، علی رحمان اور عابد رضا نے اپنے کوچ نور اسلم شینواری کے ہمراہ جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا کہ ٹیم نے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیسٹ ٹیم ایوارڈ اپنے نام کیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے اختتام پر پوری ٹیم بحفاظت وطن واپس پہنچ چکی ہے، تاہم کچھ غیر ذمہ دار میڈیا نمائندوں اور بعض چینلز کی جانب سے ٹیم کے خلاف جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈا کیا گیا، جس سے نہ صرف ٹیم بلکہ ملک کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔
پریس ریلیز میں متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ٹیم کے کھلاڑیوں نے کمانڈنٹ خیبر رائفلز سے بھی اپیل کی کہ چونکہ یہ ٹیم ان کی سرپرستی اور تعاون سے ٹورنامنٹ میں شریک ہوئی تھی، اس لیے ٹیم کے خلاف کیے گئے منفی پروپیگنڈے کا نوٹس لیا جائے اور ذمہ دار افراد کو طلب کرکے تحقیقات کی جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے پر وہ عدالت سے بھی رجوع کریں گے اور جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔
