صوابی میں غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ٹوپی کے نیو ہاسٹل میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک طالب علم اپنے کمرے میں مردہ حالت میں پائے گئے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق جاں بحق طالب علم کی شناخت روسلان ولد ریاض حسین سکنہ لوند خوڑ ضلع مردان کے نام سے ہوئی ہے، جو ادارے میں فرسٹ ایئر کمپیوٹر انجینئرنگ کے طالب علم تھے۔ ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت سامنے آیا جب ہاسٹل میں طلبہ کو سحری کے لیے جگایا جا رہا تھا۔ اسی دوران معلوم ہوا کہ روسلان اپنے کمرے میں لٹکی ہوئی حالت میں موجود ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ادارے کی انتظامیہ اور متعلقہ حکام فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے، جبکہ پولیس نے بھی جائے وقوعہ پر پہنچ کر ابتدائی قانونی کارروائی شروع کر دی۔ لاش کو ضروری قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں۔ حکام کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واقعے کی حتمی وجوہات سامنے آسکیں گی۔

جاں بحق طالب علم مردان سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی ریاض حسین کے بیٹے تھے۔ مرحوم کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں لوند خوڑ میں ادا کی گئی، جس میں علاقے کے عمائدین، رشتہ داروں، صحافی برادری اور مقامی افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔