باڑہ: عوامی نیشنل پارٹی ضلع خیبر کے ضلعی صدر عبدالرزاق آفریدی نے خبردار کیا ہے کہ اگر ظاہر آفریدی کے قاتلوں کو 72 گھنٹوں کے اندر گرفتار نہ کیا گیا تو پشاور رنگ روڈ کو ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا جائے گا۔
باڑہ پریس کلب میں دیگر عہدیداران کے ہمراہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی ضلع خیبر کے ویلج کونسل 26 کے صدر ظاہر آفریدی کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے متعلقہ حکام کو 72 گھنٹوں کی مہلت دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر شہید کے لواحقین کو انصاف فراہم نہ کیا گیا تو احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔
عبدالرزاق آفریدی نے الزام عائد کیا کہ ضلع خیبر پولیس میں افسران سے لے کر سپاہیوں تک بعض اہلکار منشیات کے کاروبار میں ملوث ہیں۔ انہوں نے خیبر پختونخوا پولیس کے سربراہ اور پشاور پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ اگر قاتلوں کی گرفتاری میں ناکامی ہوئی تو ضلع خیبر کے ضلعی پولیس افسر اور تھانہ جمرود کے ایس ایچ او سمیت پورے عملے کو معطل کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ واقعہ چھینا جھپٹی یا ذاتی دشمنی کا نہیں کیونکہ مقتول سے نہ موٹر سائیکل، نہ موبائل فون اور نہ ہی نقد رقم لی گئی، جبکہ ان کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی بھی نہیں تھی۔ ان کے بقول یہ دہشت گردی کا واقعہ ہے مگر افسوس کہ مقدمے میں کمزور دفعات شامل کی گئی ہیں۔
عبدالرزاق آفریدی نے کہا کہ ظاہر آفریدی شہید ہیں اور انہیں شہداء کے لیے مقررہ پیکج دیا جانا چاہیے۔
پریس کانفرنس میں پارٹی کے دیگر رہنماؤں میں ضلعی نائب صدر صدیق چراغ، تحصیل باڑہ کے صدر عبدالواحد، ضلعی ترجمان امیر شاہ، پی ایس ایف کے سابق صدر عبدالوہاب اور ستوری سمیت دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔
