وانا: جنوبی وزیرستان لوئر کے مختلف علاقوں خامرنگ، زم چن اور نیزی نرائی میں شدید برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں، جس کے نتیجے میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ برفباری کے دوران متعدد گاڑیاں سڑکوں پر پھنس گئیں، جس سے آمد و رفت بری طرح متاثر ہوئی۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور عوام کے تعاون سے پھنسنے والی گاڑیوں کو دھکا لگا کر محفوظ مقامات تک منتقل کیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف متاثرہ شہریوں کی مدد کی بلکہ ٹریفک کی بحالی میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
ریسکیو 1122 کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ ادارہ ہر مشکل گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، اور شدید برفباری کے دوران شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں۔
عوامی حلقوں نے ریسکیو 1122 کی ٹیم کے جذبۂ خدمت، فرض شناسی اور بروقت اقدامات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی کاوشوں کو قابلِ ستائش قرار دیا۔
