جمرود: سخی پل بازار کے مقام پر واقع پل کو ناصر باغ پولیس کی جانب سے رات ساڑھے نو بجے کے بعد ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا جاتا ہے، جس کے باعث مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق پل کی بندش سے بکرآباد، سفید سنگ، ناصر باغ اور غنڈی کے رہائشی متاثر ہو رہے ہیں۔ خاص طور پر وہ افراد زیادہ پریشان ہیں جن کے پاس گاڑیاں ہیں اور انہیں رات کے اوقات میں آمدورفت میں دشواری پیش آتی ہے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے حلقے کے عوام بھی متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ ہنگامی حالات میں مریضوں کو ہسپتال منتقل کرنا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔

اہلیانِ علاقہ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور پل کی بندش کے مسئلے کو حل کر کے عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔