پشاور میں ایک نئے اور جدید ایئرپورٹ کے قیام کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے لیے ابتدائی طور پر چھ ممکنہ مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔
 ذرائع کے مطابق مجوزہ ایئرپورٹ کی تعمیر کے لیے تقریباً اڑھائی ہزار ایکڑ زمین درکار ہوگی۔ اجلاس کی صدارت کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) نے کی، جس میں متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران اس بات پر غور کیا گیا کہ موجودہ پشاور ایئرپورٹ شہر کے وسط میں واقع ہونے کی وجہ سے ٹریفک، سیکیورٹی اور تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث متعدد مسائل کا سبب بن رہا ہے۔
 اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ نئے ایئرپورٹ کے قیام سے نہ صرف شہری سہولیات میں بہتری آئے گی بلکہ سیکیورٹی اور ٹریفک کے مسائل میں بھی نمایاں کمی ہوگی۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ اس منصوبے سے متعلق پیش رفت اور فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے تین ہفتوں کے بعد دوبارہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔

 شرکاء نے اس اہم منصوبے کو خطے کی ترقی، بہتر شہری سہولیات اور سیکیورٹی کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے اس حوالے سے مربوط اور مؤثر اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔ کمشنر پشاور ڈویژن نے ہدایت دی کہ ابتدائی ہوم ورک جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ منصوبے کی منظوری کے لیے اسے اعلیٰ حکام کے سامنے پیش کیا جا سکے۔