سوات: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات محمد عمر خان اور ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت نے سیاحتی مقام ملم جبہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیکیورٹی انتظامات، ٹریفک روانی اور سیاحوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران افسران نے ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے سیاحوں سے ملاقات کی اور پولیس و ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی رہنمائی اور سہولیات سے متعلق آگاہی حاصل کی۔ سیاحوں کی آمدورفت کو آسان بنانے کے لیے ملم جبہ روڈ پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے، جبکہ شاہراہ سے برف ہٹانے کے لیے مشینری مختلف مقامات پر کام کر رہی ہے۔
ڈی پی او اور ڈی سی سوات نے سیاحوں کے نام پیغام میں کہا کہ سوات ایک پُرامن اور خوبصورت علاقہ ہے اور ملکی و غیر ملکی سیاح بلا خوف و خطر سوات کا رخ کریں۔ انہوں نے کہا کہ سوات پولیس اور ضلعی انتظامیہ سیاحوں کی مدد اور رہنمائی کے لیے ہر وقت موجود ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ برفباری کے دوران محفوظ سفر کے لیے فور بائی فور گاڑیوں کا استعمال کریں اور ٹائر چین کے بغیر سفر سے گریز کریں، جبکہ ڈرائیور حضرات ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ ٹریفک روانی متاثر نہ ہو۔
